لاہور(خبرنگار) قومی سلامتی ویکجہتی کانفرنس کے اختتامی سیشن کا پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر انعقاد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کی ۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخآری ،چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ،چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد ،خطیب داتا دربار مسجد محمد رمضان سیالوی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کو پاکستان کے خلاف ایک چال اور ڈھونگ قرار دیا گیا ۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے ،وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہو جائیں ۔ اتحاد کی قوت سے ہی دشمن کی ہرچال اور سازش کو ناکام بنانا ہوگا دشمن ہمیں لڑانے کی کوشش کرے گا لیکن ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور اب اس کی حفاظت ہم سب کی ذمّہ داری ہے ۔ ہمیں ایک دوسرے کی غیبت پر وقت ضائع کرنے کی بجائے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے محنت سے کام کرنا ہے ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا دین ہے اور اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمان ظلم اور بربریت کا شکار ہیں ۔ ہمیں 14اگست 1947کوہی حقیقی آزادی ملی اور ہمیں اپنے آزاد وطن پر فخر ہے ۔ پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کی سلامتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ صوبائی وزیر اوقاف نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے اور محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبےبھر میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین آرائش کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام کے لئے علماء کرام اور مشائخ عظام اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ہمیں مل کر ملک میں بہتری اور امن لانا ہے ۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخآری نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے پنجاب بھر میں قومی یکجہتی وسلامتی کی کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیاہے ۔