کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوگیا ہے، کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔ اور ہم ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ، انڈیا میں سول ڈیفنس کی مشقیں ہو رہی ہیں لیکن یہاں کوئی ایسا ماحول نہیں ہے ہمیں اللہ پر بھروسہ ہے اس لیے یہاں کسی قسم کا پینک نہیں ہے ہمیں اپنی افواج پر اعتماد ہے،دفاعی تجزیہ کار ایئر وائس مارشل (ر) شہزاد چوہدری نے کہا کہ ہمیں اس جگہ کا بھی دھیان رکھنا چاہیے جہاں بھارت کی فورسز موجود نہیں ہیں مثال کے طور پر ہمار اجنوب یعنی سندھ کراچی میں کس قسم کی ایکٹویٹی ہو رہی ہے۔ سرپرائز عنصر یہ ہوسکتا ہے کہ فورسز کہیں دکھائی جائیں اور حملہ کہیں اور سے ہو،سینئر صحافی اور تجزیہ کارشہزاد اقبال نے کہا کہ جہاں سول ڈیفنس کی مشقیں ہو رہی ہیں وہیں اپنے ایئر اسپیس کو بھی استعمال کر رہے ہیں مختلف مشقوں کے لیے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ صورتحال بہت سنگین ہے۔