• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PP کے وقار مہدی واضح اکثریت سے سینیٹ کے رکن منتخب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سکریٹری وقار مہدی 111 ووٹ حاصل کر کے واضح اکثریت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوگئے۔ وقار مہدی کے مدمقابل ایم کیو ایم کی نگہت مرزا نے 36ووٹ حاصل کئے‘2 ووٹ مسترد ہو گئے۔ سندھ سے سینیٹ کی یہ جنرل نشست پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کے لئے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں منگل کو پولنگ ہوئی۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کے مطابق سندھ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا تھا۔پولنگ کا سلسلہ صبح 9 بجے سے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔الیکشن میں مجموعی طور پر 149 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا‘ دو ووٹ غلط مارکنگ کے باعث مسترد ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سب سے آخر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔سیکریٹری سندھ اسمبلی محمد فاروق برڑو کے مطابق سینیٹ الیکشن میں 161 ارکان سندھ اسمبلی کو حق رائے دہی حاصل تھا۔ ایوان میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 116، ایم کیو ایم کی 36 اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 5 ہے جبکہ وہاں جماعت اسلامی کا ایک واحد رکن ہے۔
اہم خبریں سے مزید