کراچی( سید محمد عسکری)ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز آج بدھ 7مئی اور جمعرات 8مئی کو ہوں گے۔ تلاش کمیٹی کی تاریخ میں پہلی بار اسی یونیورسٹی کے دو پروفیسر بطور ماہر کمیٹی کا حصہ ہوں گے جن میں سابق وائس چانسلر اور پروفیسر آف ایمرطس ڈاکٹر سعید قریشی اور سینارٹی کی بنیاد پر گریڈ 19 سے 20 میں ترقی پانے والے ڈاکٹر کرتار دیوانی اس کا حصہ ہوں گے۔ ڈاکٹر کرتار دیوانی کو بطور پروفیسر ریٹائر ہونے کے باعث پی وی سی کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا مگر انھوں سندھ حکومت کے خلاف اسٹے لیا اور اپنی مدت پوری کرکے فارغ ہوئے۔ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 23میں سے 17امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیاہے۔ ایک بیوروکریٹ سابق وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شالوانی کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر امجد سراج کو عمر کی وجہ سے شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا اور عمر کی حد میں رعایت سے متعلق نوٹفکیشن پر قانونی رائے لینے کے بعد انھیں انٹرویو کا خط جاری نہیں کیا گیا۔ زرائع کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کی پی وی سی ڈاکٹر جہاں آراء جناح اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر شاہد رسول، سابق وائس چانسلر لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر انیلہ عطاالرحمان اور افتخار علی شالوانی مضبوط ترین امیدواروں میں شامل ہیں۔ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے لیے جن 23 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں ان میں ڈاکٹر امجد سراج میمن، پروفیسر شاہد رسول،ڈاکٹر انیلہ عطا الرحمان، ڈاکٹر جہاں آرا حسن، ڈاکٹر فہد جبران، ڈاکٹر مشتاق علی جکھرانی، ڈاکڑ سید مسرور احمد، ڈاکٹر ارشد حسین ابڑو، خالد سیف اللہ، اختر علی بلوچ، پروفیسر اورنگزیب شیخ، پروفیسر ڈاکٹر سید سلمان عادل، پروفیسر امان اللہ عباسی، ڈاکٹر امتیاز احمد قاضی، ڈاکٹر افتخار علی شلوانی، ڈاکٹر سید تصدق علی شاہ، ڈاکٹر محمد ڈی نواز لاشاری، سید خالد احمد اشرفی، افتخار احمد، عبدالرشید سولنگی، ڈاکٹر عاصمہ فیصل، ڈاکٹر آصف میمن اور ڈاکٹر انجم رحمان شامل ہیں۔