کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، کراچی، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، حافظ آباد، شیخوپورہ، سانگھڑ، خانیوال، قصور، ننکانہ، ساہیوال، گجرات، مٹیاری،سعید آباد، چترال و دیگر شہروں میں ریلیاں نکالیاں گئیں، جن میںسیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکن، تاجروں، طلبہ سمیت دیگر تنظیموں نے شرکت کی، ریلیوں کے شرکاء نے پاکستان اور پاک افواج کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت کے بزدلانہ حملوں پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے رافیل طیاروںکو زمین بوس کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ، پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع پر مرمٹنے کو تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالیاں گئیں، جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہل کی اب جواب پاک فوج دیگی۔ مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں قاری محمد یعقوب شیخ، فیصل ندیم، چوہدری محمد سرور، مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ بھارتی بزدلانہ حملوں کے خلاف قوم کو متحد و بیدار کریگی۔ لاہور میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے سیاسی جماعتوں، تاجروں ، طلبہ سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کی اردو کمزور ہے شاید اسی لئے اسے ہماری امن کی زبان سمجھ نہیں آئی۔