• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، ایئرپورٹ پر دھماکے، بلیک آؤٹ، مغربی میڈیا کا دعویٰ

کراچی (رفیق مانگٹ) برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے جموں ایئرپورٹ پر جمعرات کی شام متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے، ائیر پورٹ پر دھماکے، بلیک آؤٹ، سائرن بجائے گئے، جموں ایئرپورٹ، سمبا، آر ایس پورہ، آرنیہ اور قریبی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے 8میزائل داغے گئے ۔ ایک سکیورٹی ذریعہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ایئرپورٹ پر دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے ایئرپورٹ کے قریب 16اشیاء گرتے دیکھیں۔ نیوز ایجنسی ایشین نیوز کے مطابق، پاکستان نے مقبوضہ جموں کو "لوئٹرنگ میونیشنز" یعنی ان ڈرونز سے نشانہ بنایا جو اپنے ہدف سے ٹکرا کر دھماکہ خیز وار ہیڈز کے ساتھ تباہی پھیلاتے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مقبوضہ جموں کےہائشیوں نے دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ خطے کے سابق ڈائریکٹر جنرل پولیس شیش پال وید نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مقبوضہ جموں میں مکمل بلیک آؤٹ ہے اور بمباری، گولہ باری یا میزائل حملوں کا شبہ ہے ، گلف نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ایئرپورٹ پر زوردار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، جمعرات کی رات جموں میں ایئر سٹریپ سمیت متعدد مقامات کو بین الاقوامی سرحد کے پار سے داغے گئے راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ راجستھان اور پنجاب کے کچھ حصوں کو بھی پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کے پار سے داغے گئے راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، جو بھارت کے حملوں کے ایک دن بعد کشیدگی میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایک ڈرون نے مقبوضہ جموں ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔
اہم خبریں سے مزید