• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلح افواج کی کوششیں کامیاب، جنگ بندی مثبت قدم، شاہد آفریدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے پرعزم اور پرجوش جوانو، آپ کی کوششیں رائیگاں نہیں گئیں۔ پاکستان زندہ باد! پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت قدم ہے، اب وقت ہے کہ دہائیوں سے چلے آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت کی جائے۔ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹویٹ میں امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت قدم ہے۔ دنیا نے پاکستان کی امن کی دیرینہ خواہش دیکھی، اب وقت ہے کہ دہائیوں سے چلے آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت کی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری حقائق کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنا فیصلہ دے گی۔ بڑے بھاری دل کے ساتھ، میں ان تمام معصوم بچوں اور شہریوں کی جانوں پر بھی سوگوار ہوں جو کشیدگی میں اضافے کے باعث زندگیوں سے محروم ہوگئے۔ ایک اور سابق کپتان وسیم اکرم نے لکھا کہ ہم سب اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے دشمن کی جارحیت کا جواب دیا۔ انہوں نےکہا کہ جیسا کہ وہ کہتے ہیں، جنگ تب ہوتی ہے جب زبان ناکام ہوجاتی ہے۔ اس لیے سرحد کے پار نوجوانوں کی بہتری کیلئے بات چیت اور تنازعات کو حل کرنے میں مدد ملے گی، امن ہی ہم سب چاہتے ہیں! پاکستان زندہ باد۔ وسیم اکرم کی جانب سے ٹوئٹ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا باضابطہ اعلان ہوگیا تھا، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سابق کرکٹر باسط علی نے دوٹوک الفاظ میں وسیم اکرم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی حساس لمحات میں خاموش رہنا اور پھر صورتحال معمول پر آنے کے بعد بیان دینا۔ یہ کہاں کی بہادری ہے؟ کرکٹرز کو قوم کے مشکل وقت میں آواز اٹھانی چاہیے، نہ کہ بعد میں!۔ ٹیسٹ کرکٹر عامر جمال نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انھوں نے لکھا کہ پاور پلے کا اسکور زیرو، سکس ڈاؤن، اوپنر رافیل ڈک پر آؤٹ! 10 اوورز میں میچ منسوخ، پاکستانیوں شاہینوں کا غلبہ واضح طور پر نظرآرہا ہے کہ ہر میچ فکس نہیں ہوتا۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد لکھا، ساتھ ہی انھوں نے آپریشن سندور کو آپریشن سہاگ رات قرار دے دیا۔

اسپورٹس سے مزید