کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستانی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف لاہور میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل37رنز اور دوسرا میچ 57رنز سے جیت کر سیریز میں دوصفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔تیسرا میچ اتوار کی شب کھیلا جائے گا۔آخری میچ جیت کر پاکستان سیریز میں کلین سوئپ کرسکتا ہے۔ نومبر2021میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو اسی کے ملک میں تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔پاکستان نے ساڑھے تین سال بعد ہوم گراونڈ پر کوئی ٹی ٹوئینٹی سیریز جیتی ہے۔دسمبر2021میں پاکستان نےویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں تینوں میچ جیتے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ بوائز سیریز کا اچھا آغازہوا، سیریز جیت گئے۔بنگلہ دیش کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مائیک ہیسن کی بطور کوچ پہلا اسائمنٹ ہے۔سیریز کےدونوں میں بیٹرز کے اسٹرائیک ریٹ کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے چند دنوں میں ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کو جو پیغام دیا ہے اس کے اثرات گرائونڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ان کا مشن پوسیبل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے حالانکہ حریف کمزور ہے لیکن کوچ کے عزائم بالکل واضع ہیں۔ماڈرن ڈے کرکٹ کی جھلک پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں دکھائی دے رہی ہے۔سابق کپتانوں بابر اعظم،محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلی باردونوں میچوں قذافی اسٹیڈیم میں دو سو کا ہندسہ عبور کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نےگذشتہ سات میچوں میں تیسری بار ٹی ٹوئنٹی میں دو سو کا ہندسہ عبور کیا ۔پاکستان ٹیم نے 2024 سے ابتک 33 ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیا، جس میں اس نے مختصر فارمیٹ کے 33 ٹی20 میچز کھیلے لیکن 38 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا، جو کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔2024 سے اب تک پاکستان نے اسی عرصے میں 10 اوپننگ پیئر بھی تبدیل کیے ہیں۔اس فہرست میں پاکستان کے بعد دوسرا نمبر بھارت کا ہے، جس نے 31 مقابلوں میں 35 نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، اسی طرح جنوبی افریقا نے 23 میچز میں 31، نیوزی لینڈ نے 27 مقابلوں میں 30 کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا۔