کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نے تقریر میں کشمیر اور دہشت گردی کو قابل گفتگو مان لیا ،سابق کور کمانڈرلاہور ،کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض نے کہا کہ نریندرمودی نے دس پندرہ دن میں بھارت کو ہر طرح کا نقصان پہنچا دیا ہے۔ اب مذاکرات کا راستہ بہرحال نکلناہے،میزبان شاہزیب خانزدہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر دوبارہ دنیا کی نظروں میں آگیا ، پاکستان کو پانچ بڑی کامیابیاں ملی ہیں، ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ سیز فائر ڈی جی ایم اوز کا رابطہ نہیں بلکہ امریکی ثالثی کا نتیجہ ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نے اپنی ساکھ بچانے کے لیے بوکھلاہٹ میں تقریر کی ۔ مودی نے تقریر میں کشمیر اور دہشت گردی کو قابل گفتگو مان لیا ہے۔کشمیر پر جب بات ہوگی تو آزاد اور مقبوضہ دونوں وادیوں کی ہوگی اور سلامتی کونسل کی قرارداد کا ذکر بھی آئیگا۔ جتنا بڑا سرٹیفائیڈ دہشت گرد مودی ہے دنیا میں اور کوئی نہیں ہے مودی ہارے ہوئے جواری کی طرح گفتگو کر رہے ہیں ۔ مودی نے تین اہم ایشوز میں سے دو کو مان لیا ہے ایک کشمیر اور دوسرا دہشت گردی کا تیسرا ایشو سندھ طاس معاہدہ بھی ڈسکس کیاجاسکتا ہے اور ایجنڈا جو ہونا چاہیے اس میں سے دو تو وہ بیان کرچکے ہیں۔