اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے پیکیج کا اعلان کردیا۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کے تحت معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو 1کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10سے 20لاکھ روپے دیئے جائینگے۔ پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب 1 کروڑ سے 1کروڑ 80لاکھ روپے کی رقم شہدا پیکیج کے تحت دی جائیگی۔پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کیلئے رینک کے حساب سے 1کروڑ 90لاکھ سے 4کروڑ 20لاکھ روپے تک دیئے جائینگے جبکہ پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی۔اعلامیے کے مطابق پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔