• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں کے میرٹ میں کمی کردی

کراچی( سید محمد عسکری) ملک بھر کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی خالی نشستیں بھرنے کے لیے تعلیمی سیشن 2024-25میں داخلہ ٹیسٹ کے میرٹ کو کم کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایم بی بی ایس کیلئے امیدوار اب 55فیصد کے بجائے 50فیصد نمبروں پر داخلے کے اہل ہوں گے جب کہ بی ڈی ایس کے لیے 50فیصد کے بجائے 45فیصد نمبروں پر داخلے کے اہل ہوں گے۔ پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ نے میرٹ کی کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس نجی میڈیکل کالجوں/جامعات کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ 16اپریل2025کو لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، جامشورو، سندھ سے مذکورہ بالا موضوع پر موصول ہونے والی درخواست کے مطابق، جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ میرٹ کی حد زیادہ ہونے کی وجہ سے مختلف پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کافی تعداد میں سیٹیں خالی رہ گئی ہیں۔ اس تشویش کو دور کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ اہل اور مستحق امیدوار طب اور دندان سازی میں اعلیٰ تعلیم کے حق سے محروم نہ ہوں، کونسل نے 13مئی 2025کے فیصلے کے ذریعے کم از کم اہلیت کے معیار میں ایک بار کی چھوٹ کی منظوری دی ہے۔ اس کے مطابق، پرائیویٹ کالجوں کو ایم بی بی ایس کے لیے کم از کم 50فیصد نمبروں اور بی ڈی ایس کے لیے 45فیصد نمبروں کے حامل امیدواروں کو داخلہ دینے کی اجازت ہے، تاکہ باقی خالی نشستوں کو پُر کیا جا سکے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میرٹ میں کمی 2024-25کے تعلیمی سیشن کے لیے دی گئی ہے، عوامی مفاد کے لیے اور دستیاب نشستوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے۔ یہ ایک وقتی اقدام ہے اور اسے مستقبل کے کسی بھی داخلے کے چکر کے لیے مثال کے طور پر نہیں سمجھا جائے گا۔ اس طرح کے تمام داخلے اس نوٹیفکیشن کی تاریخ کے تین (03) دنوں کے اندر مکمل ہونے چاہئیں اور PM&DC داخلہ ضوابط، 2023کی مکمل تعمیل میں ہونے چاہئیں۔
اہم خبریں سے مزید