• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال، ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک اور نوجوان جاں بحق، رواں برس ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جاں بحق ہو گیا، رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 41ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود راشد منہاس روڈڈھاکہ سوئیٹس کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 26سالہ کامران عباس ولد غلام عباس کے نام سے ہوئی ہے۔مقتول ایک نجی اسکول میں ملازم تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کامران موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔مقتول کے والد غلام عباس کے مطابق کامران پیکجنگ کمپنی میں بھی کام کرتا تھا اور سہراب گوٹھ بس اڈے سے رشتے دار کو لینے جارہا تھا۔ راستے میں ملزمان نے مقتول کامران کے زیر استعمال 125سی سی کی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی تو کامران نے ایک ملزم کو پکڑ لیا۔ اسی دوران ملزم کے دوسرے ساتھی نے فائرنگ کرکے کامران کو قتل کیا۔ مقتول کے والد کے مطابق کامران کے پاس موجود دو موبائل فون بھی چھین لئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کامران کے پرس سے ملنے والے فون نمبر پر فون کیا جو پنجاب میں موجود ہمارے رشتے داروں کا تھا جسکے بعد ہمیں واقعہ کا علم ہوا۔ کامران کا آبائی تعلق ضلع مظفر گڑھ سے ہے جبکہ کراچی میں وہ محمود آباد میں رہائش پذیر تھا۔ مقتول کامران کے دو بہنیں اور ایک بھائی ہے۔مقتول کے والد نے بتایا کہ جلد کامران کی شادی طے تھی۔ ایس ایچ او نعیم راجپوت کے مطابق مقتول کو سر میں ایک گولی لگی ہے،واقعہ میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں جبکہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔ واضح رہے کہ رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 41ہو گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید