• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل بی ایریا، مدرسہ میں ناخلف بیٹوں نے چھری کے وار کر کے باپ کو قتل کر دیا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )فیڈرل بی ایریا میں واقع مدرسہ میں ناخلف بیٹوں نے چھری کے پے درپے وار کر کے باپ کو قتل کر دیا،پولیس نے دونوں بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جوہر آباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 14 میں واقع مدرسہ زکریا الخیریا سے ایک شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں اسکی شناخت 60سالہ خاور انجم کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او راشد کے مطابق مقتول کو اس کے سگے بیٹوں ابراہیم اور افضل نے قتل کیا ہے جنھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق ٹنڈو جام محمد سے تھا ،وہ حکیم تھے اور مدرسہ کے بچوں کے معالج کی حیثیت سے مدرسہ کی انتظامیہ نے انھیں ایک کمرہ دے رکھا تھا جہاں ڈیڑھ سال پہلے وہ شفٹ ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کو مقتول کے بیٹوں نے کھانے کے بعد سافٹ ڈرنک میں چوہے مار دوائی ملا کر والد کو پلائی جس سے وہ نیم بیہوشی میں چلے گئے،بعد ازاں دونوں ملزمان نے والد کے منہ کر تکیہ رکھ کر گلے ،چہرے،پیٹ اور ٹانگوں میں چھری کے پے درپے وار کر کے انھیں قتل کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ قتل کرنے کے بعد ملزمان مقتول کی لاش کو بوری میں بند کر کے موٹر سائیکل پر لے کر کہیں ٹھکانے لگانے لے جا رہے تھے کہ راستے میں پولیس نے انھیں روک کر بوری کھولی تو اس میں مقتول کی لاش موجود تھی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ پڑھائی میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے جس پر ان کے والد انھیں کہتے تھے کہ وہ گاؤں چلے جائیں وہاں زمینوں کا نظام اور جانوروں کو سنبھالیں ،اس بات پر اکثر ان کے درمیان بحث ہوتی تھی کیونکہ ملزمان گاؤں جانا نہیں چاہتے تھے اور کراچی میں ہی رہنا چاہتے تھے تاہم پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید