کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناظم آباد میں اسکول کے باہر گھات لگائے ملزم کی فائرنگ سے باپ جاں بحق اور کمسن بیٹی زخمی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق نمبر 3 پائلٹ اسکول کے باہر بدھ کی صبح پہلے سے گھات لگائے ایک ملزم نے ایک شخص اور اس کے ساتھ موجود اسکی بیٹی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص جاں بحق جبکہ اس کی بیٹی زخمی ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچے اور ہلاک شخص کی لاش اور زخمی ہونے والی بچی کو اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 40سالہ راشد مجید ولد عبد المجید اور اس کی بیٹی کی 12سالہ امینہ راشد کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او امجد کیانی کے مطابق واقعہ کے وقت مقتول اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا جہاں ایک ملزم اسکول کھلنے سے پہلے ہی وہاں موجود تھا۔جیسے ہی مقتول اور اسکی بیٹی اسکول کے باہر پہنچے ،ملزم نے اپنے پاس موجود تیس بور پستول سے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کو سر میں گولی ماری گئی ہے،پولیس کو جائے وقوعہ سے پستول کا ایک خول ملا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والی بچی جناح اسپتال میں زیر علاج ہے اور اسکی حالت تشویشناک ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول کے گھر والوں نے ابھی تک پولیس کسی پر شک کا اظہار نہیں کیا ہے تاہم بظاہر واقعہ کسی ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول ناظم آباد گول مارکیٹ کا رہائشی اور پراپرٹی کا کام کرتا تھا۔ایس ایچ او کے مطابق پولیس واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔