کراچی( سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل( پی ایم ڈی سی ) نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے سوالات سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے سوال بینک (Question Bank) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے صدرپروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے جنگ/ دی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں صوبوں کے تحت ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں آسان اور مشکل سوالات کی شکایات سامنے آئیں تھیں چناچہ اس شکایت کے ازالے کے لیے پی ایم ڈی سی نے ماہرین کی مدد سے سوال بنک کی تیاری شروع کردی ہے جس میں2000سوالات کا ذخیرہ ہوگا اور پھر ہم صوبوں یا ان کے نامزد کردہ ٹیسٹنگ اداروں سے کہیں گے کہ وہ باہر کے بجائے اس سوال بنک سے ایم ڈی کیٹ کے لیے سوالات چنیں اس طرح سب کو یکساں مواقع ملیں گے۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال ایم ڈی کیٹ انٹرمیڈیٹ پارٹ Il کے نتائج کے اجراء کے بعد اکتوبر میں لیا جائے گا۔