ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز کےلیے کانز فلم فیسٹیول 2025ء کا دوسرا دن ایک ناقابل فراموش لمحہ بن گیا۔
فلم مشن امپاسیبل فائنل ریکننگ گرینڈ تھیئٹر لومیئر میں نمائش کےلیے پیش کی گئی، جہاں ٹام کروز نے اپنے پسندیدہ کردار ایتھن ہنٹ کو جذباتی انداز میں الوداع کہا۔
نمائش کے بعد حاضرین نے لیجنڈری اداکار کےلیے کئی منٹ تک کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں، داد دی اور محبت سے خراج تحسین پیش کیا، یہ لمحہ ٹام کروز کو اشکبار کر گیا۔
یہ فلم نا صرف مشن امپاسیبل سیریز کی آٹھویں اور آخری قسط ہے، بلکہ یہ بڑے پردے پر ایتھن ہنٹ کے طور پر ٹام کروز کی آخری فلم بھی ہے۔
62 سالہ آسکر نامزد اداکار اپنی آنکھوں میں آنسو لیے مائیک پر آئے اور ناظرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 30 سالوں سے اس سیریز کے ذریعے لوگوں کو تفریح فراہم کرنے پر بےحد شکر گزار ہوں، یہی ردعمل ہے جو ہمیں کام کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ آپ ہی ہماری اصل وجہ ہیں، یہ اسکرین تجربہ ہی ہمیں زندہ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مشن امپاسیبل دی فائنل ریکننگ ایک ایسی فرنچائز کا اختتام ہے جو 1996ء میں شروع ہوئی تھی۔ ٹام کروز نے ناصرف مرکزی کردار ادا کیا، بلکہ پہلی بار اس سیریز میں بطور پروڈیوسر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
فلم میں ان کے خطرناک اسٹنٹس اور فزیکل پرفارمنسز نے انہیں ہالی ووڈ کے صف اول کے ایکشن ہیرو کے طور پر مستحکم کیا۔
زبردست کرتب بازی، فلم بندی کے مقامات میں عالمی مناظر اور گہرے جذبات سے بھرپور یہ فلم ناقدین اور شائقین کی نظر میں ٹام کروز کے کیریئر کی ایک بہترین پرفارمنس کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔