• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی ٹی مارکیٹ کمیٹی کے زیر اہتمام یومِ تشکر کی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد(ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار )پاکستان مسلم لیگ ( ن) فیڈرل کیپیٹل کے سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ الفتح کے حملوں نے دشمن کو منہ چھپانے کے قابل نہیں چھوڑا ،بھارتی عسکری قوت کی حقیقت بھی بے نقاب کر دی ہے ۔ جمعہ کو آئی سی ٹی مارکیٹ کمیٹی کے زیر اہتمام یومِ تشکر کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ایم ساجد عباسی نے کی، جب کہ مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی انجم عقیل خان تھے۔چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ایم ساجد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو بدترین شکست دے کر اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی، اور پاکستان کے کامیاب حملوں نے نہ صرف بھارتی دفاع کو کمزور کیا بلکہ اس کی عسکری قوت کی حقیقت بھی بے نقاب کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ہر محاذ پر دشمن کو مؤثر جواب دیا۔ایم ساجد عباسی نے منڈی کی تاجر برادری اور اسلام آباد کے عوام کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی ضامن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم افواج کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے۔ اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین چوہدری الیاس، ممبرز طاہر ایوب، اشراق عباسی، سیکریٹری کمیٹی محمد ثاقب سمیت تاجر برادری، آڑھتیوں، ریڑھی بانوں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دریں اثنا ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنونیئر اور سابق وفاقی وزیر جے سالک نےبھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے ایکشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج پر پوری پاکستانی اور مسیحی قوم کو فخر ہے اور وہ اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑ ی ہے۔
اسلام آباد سے مزید