اولپنڈی ( خصوصی نمائندہ ) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت سے لیس اسلام کے قلعے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے قوتیں ذہن نشین رکھیں کہ یہ مملکتِ خداداد قائم رہنے کیلئے وجود میں آئی جو عالمِ اسلام کی قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے، ازلی دشمن بھارت کی جارحانہ کاروائیوں، حملوں کو جرأت و دلیری کیساتھ ناکام کرنے پر پوری قوم عساکرِ پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، عساکرِ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ دفاعِ وطن کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں۔ پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ نکال کر دشمن کی ہتھیلی پر رکھ دی جائیگی، 5 درجن کے لگ بھگ مسلم ممالک کے حکمران اگر شیر دل بنتے اور او آئی سی کی تشکیل کے بعد اسکے اعلیٰ مقاصد کیلئے وحدت و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مسلم ریاست کے مسائل کو اپنے مسائل گردانتے تو اپنے حقوق کیلئے صہیونی و استعماری قوتوں سے بھیک نہ مانگنی پڑتی، پوری قوم عہد و پیمان کرے کہ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی و استحکام کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والی عساکرِ پاکستان کی عظیم کامیابی کے حوالے سے منائے جانیوالے یومِ تشکر کے موقع پر ہیڈکوارٹرمکتب تشیع علی مسجد میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔