اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ باالجبر ،سٹریٹ کرائم ، نقب زنی اور چوری کی 88وارداتوں میں کروڑوں روپے کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ، تین کاریں ،27موٹر سائیکل،29وبائل فونز اور اڑا لئے گئے ،29گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ، دو موٹر سائیکل اور 10موبائل فونز اسلحہ کی نوک پر جبکہ5جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔تھانہ روات کے علاقے بحریہ فیز ایٹ سے محمد اویس امجد کی کرولا کار ، تھانہ صادق آباد کے علاقے النور کالونی سے حاجی مہر اجان کی کار جبکہ تھانہ آبپارہ سے ایک کار چوری ہو گئی ، تھانہ چکلالہ کے علاقے سکیم تھری میں عطا الرحمٰن کے گھر سے چالیس لاکھ روپے چوری ہو گئے مدعی مقدمہ نے گھریلو ملازمین پر شبہ ظاہر کیا ہے ،تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقہ نیو کٹاریاں میں محمد فرمان کے گھر سے 15 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری ہو گئی ، تھانہ ٹیکسلا کے علاقے کنال ٹاؤن سے انجم علی کے گھر سے چھ لاکھ روپے مالیت کے جبکہ ناصر علی عابد کے گھر سے ساڑھے چار لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی چوری ہو گئے ۔ تھانہ دھمیال کے علاقے ملک کالونی میں ارسلان وکیل اور ٹھلیاں سے بلال کے گھر سے نقدی اور موبائل ،تھانہ ریس کورس کے علاقے پشارور روڈ پر اسلحہ کی نوک پر حمزا رفیق سے موٹر سائیکل چھین لیا گیا ۔ تھانہ سٹی کے علاقے راجہ بازار میں حیدر عباس کی دوکان سے سوا دو لاکھ روپے مالیت کے ملبوسات چوری کر لئے گئے ۔نواز شریف پارک کے قریب ثمیرا مشتاق سے اسلحہ کی نوک پر موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی ، تھانہ صادق آباد کے علاقے میں چار لیپ ٹاپ اور دو لاکھ روپے چوری ہو گئے ۔ شالے ویلی میں عمران قریشی کی بیوی تین لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات اور دیگر سامان لے کر کسی کے ساتھ بھاگ گئی ۔پی ٹی سی ایل کالونی سے پونے دو لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان چوری ہو گیا۔ وفاقی پولیس نے مجموعی طور پر پراپرٹی کے صرف 10 مقدمات درج کئے تھے ۔