اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے آج "معرکہ حق" آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے اہلِ خانہ سے خصوصی ملاقات کی۔ انہوں نے شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہیدوں کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں بیرسٹر دانیال نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا، یہ جوان پاکستان کی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کی سنہری تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کے احسان ہم پر ہمیشہ رہیں گے۔ یومِ تشکر کے موقع پر پوری قوم اپنے شہداء کے سامنے احترام سے سرنگوں ہے- انہوں نے زور دے کر کہا "دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ شہید کے خون کا ہر قطرہ ہمارے عزم کو مزید پختہ کرتا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری کو للکارنے والوں کو ذلت کے سوا کچھ نہیں ملے گا"۔ شہداء کے گھر والوں سے گفتگو کے دوران پارلیمانی سیکرٹری نے کہا آپ کا دکھ پوری قوم کا دکھ ہے۔ شہداء کے اہلِ خانہ کی خدمت ہمارا قومی فریضہ ہی نہیں، بلکہ یہ ایک مقدس قرض ہے جسے ہم ہر حال میں ادا کریں گے"۔