راولپنڈی (این این آئی) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سوال اٹھایا ہے کہ جو لوگ فوج مخالف باتیں کرتے تھے کیا انکا احتساب نہیں ہونا چاہئے؟ عوام اور مسلح افواج متحد ہوئے تو کوئی دہشت گرد نہیں بچے گا، سیاسی پلائی آہنی دیوار ملک کے عوام، بچے اور بچیاں ہیں،اب ہمیں متحد ہوکر آہنی دیوار کو دہشت گردی کی طرف موڑنا ہے۔ہفتے کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسلام آباد کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں انہوں نے نوجوانوں کی ملک کیلئے کاوشوں کو نہایت اہم قرار دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دشمن کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے متحد رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور پاکستان کی فتح دراصل امن کی فتح ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پورے ملک کے اساتذہ کو پاک فوج کی جانب سے سلام بھی پیش کیا۔شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ جس طریقے سے طلباء نے پاکستان اور پاک فوج کیلئے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے اسے دیکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف روشن ہے بلکہ تابناک بھی ہے۔