• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو شکست، پاکستان کو سفارتی و عسکری سطح پر کامیابی ملی، حافظ نعیم

کراچی (ٹی وی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بھارت کو پہلگام واقعے پر واضح شکست اور پاکستان کو سفارتی و عسکری سطح پر کامیابی ملی جس سے قومی اعتماد بحال ہوا۔ پاکستان نے ہر محاذ پر مدبرانہ انداز میں جواب دیا جبکہ بھارتی بیانیہ عالمی سطح پر بے نقاب ہو گیا۔جماعت اسلامی اب نوجوانوں میں مقبول ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مقامی جہاد کی حمایت اسلام اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے جیسے فلسطینیوں کا حق تسلیم شدہ ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات بے بنیاد ہیں را کے کردار پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے او آئی سی اور اسلامی ممالک کی قیادت پر زور دیا کہ وہ فلسطین پر متحرک کردار ادا کریں۔ حافظ نعیم نے اسرائیل کی حمایت یا تسلیم سے متعلق ٹرمپ سعودیہ معاہدے کی شق کو ہٹانے کو فلسطینی مزاحمت کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ʼʼمیرا برانڈ پاکستانʼʼ کے ذریعے ملکی مصنوعات کو فروغ دینا شروع کیا ہے۔ مارچز کے ذریعے قوم کا اعتماد بحال ہوتا ہے اور عالمی آواز بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اب نوجوانوں میں مقبول ہو رہی ہے اور جلد انتخابی نتائج میں یہ رجحان ظاہر ہوگا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے ان خیالات کا اظہار جیوکے پروگرام ’’جرگہ‘ ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی کارکنوں سے کہنا چاہتا ہوں چاہے وہ کسی بھی پارٹی کے ہوں اسلام نمبر ون پر ہے اور پاکستان کا حوالہ بھی اسلام ہے باقی نعیم الرحمٰن، عمران خان ، نوازشریف، بلاول اور عاصم منیر بہت بعد میں آتے ہیں جب دشمن حملہ کرے تو تفریق نہیں کی جاتی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کو اللہ نے سرخرو کیا اور انڈیا بہت پیچھے چلا گیا اور اس معرکہ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ قومی اعتماد بحال ہوا ہے بالخصوص نوجوانوں میں جو ہر قسم کی مایوسی تھی جو بہت تکلیف دہ تھیں لیکن گزشتہ تین ہفتوں کے دوران یہ سب باتیں پیچھے رہ گئیں مکمل طور پر تاثر بدل کر رہ گیا۔ پاکستان کا جواب انتہائی مدبرانہ تھا ۔پاکستان نے حالات کا بہترین تجزیہ کرتے ہوئے فیصلے لیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے موقف میں اور بھارتی آرمی کے موقف کا فرق بھی سب نے دیکھا۔
اہم خبریں سے مزید