اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اسلام آباد میں سر ینگر ہائی وے پر نئے انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے قریب سیون اسٹار ہوٹل اور جدید ترین اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ دونوں منصوبے سرکاری و نجی شراکت داری میں مکمل کئے جائیں گے۔ فیڈریل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے اس مقصد کے لیے جی۔13سیکٹر اسلام آباد میں قسطع اراضی حاصل کرلی ہے ۔ یہ بات وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیر ات ریاض حسین پیرزادہ نے جنگ سے گفتگو میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کےلیے کھلی بولی دی جائے گی ۔ اس کی منظوری میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ایف جی ای ایچ اے کے 40ویں ایگز یکٹیو بورڈ اجلاس میں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹیں دو رکردی گئی ہیں ۔ پورے علاقے کےلیے پانی، بجلی اور گیس کی ضرورت کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا ۔