کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ضلع کورنگی پولیس نے قتل کے تین واقعات میں ملوث دو کم عمر بھائیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 17 مارچ کو تھانہ کورنگی کی حدود میں فرحان نامی شہری سے 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی اور سیکورٹی گارڈ امیر حسین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا،پولیس نے گزشتہ شب کورنگی ضیاء کالونی میں مقابلے کے بعد ایک ملزم ممتاز کو ہلاک جبکہ دو ملزمان ساجد اور شبیر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دو پستول ،موٹر سائیکل اور تین موبائل فون برآمد کر لئے، تھانہ کورنگی کی حدود میں 9مئی کوفیکٹری کے مالک خالد حسین کے قتل میں ملوث دو ملزمان سید عاصم حسین عرف عظیم اور محمد علی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے فیکٹری سے چوری کیا گیا کپڑا برآمد کر لیا، 2 مئی کو زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں دوران ڈکیتی ملزمان کی فائرنگ سے ثاقب نامی شہری کے قتل میں ملوث دو ملزمان محمد اسامہ اور محمد کریم کو گرفتار کر کے دو پستول ، 10 موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،دونوں ملزمان کم عمر اور سگے بھائی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں رواں برس اب تک 10 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے ،جو ملزم گرفتار ہوئے ہیں یہ تین واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں۔