• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجلینا جولی کا شہید فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کو خراجِ عقیدت

----فائل فوٹو
----فائل فوٹو

کانز فلم فیسٹیول 2025ء کے موقع پر امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے شہید فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کانز فلم فیسٹیول 2025ء کے دوران منعقدہ ایک خصوصی عشائیہ تقریب میں ایک جذباتی لمحے نے سب کو خاموش کردیا جب معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے دنیا بھر میں جاری تنازعات میں جاں بحق ہونے والے صحافیوں اور فنکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ 

انہوں نے خاص طور پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی 23 سالہ عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کا ذکر کیا، کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں فاطمہ حسونہ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انجلینا جولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سادہ لوح نہیں ہیں، بہت سے فنکار آزادی اور تحفظ کے بغیر کام کر رہے ہیں، کچھ نے اپنی جانوں کی قیمت پر سچ بیان کیا ہے، ہم ان کے شکر گزار ہیں جو ہر خطرے کے باوجود اپنی کہانیاں دنیا تک پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے دیگر متاثرہ صحافیوں اور فلم سازوں کا بھی ذکر کیا، جس میں سودان سے شادین قردود اور یوکرین سے وکٹوریا ایمیلیانا شامل تھیں۔

فاطمہ حسونہ غزہ میں محصور زندگی کی حقیقتوں کو دستاویزی شکل دے رہی تھیں، ان کی فلم 15 اپریل 2025ء کو کانز فیسٹیول کے لیے منتخب ہوئی، مگر اگلے ہی دن ان کا اپارٹمنٹ ایک اسرائیلی حملے میں تباہ ہو گیا، وہ اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شہید ہوگئی تھیں۔

 برطانیہ کے تحقیقی ادارے فورینزک آرکیٹیکچر کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ براہِ راست ان کے اپارٹمنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید