لاہور ( نمائندہ خصوصی )بھارت کے خلاف فتح پر پوری پاکستانی قوم پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ مودی ذلت سے دوچار اور زخمی ہے،باز نہیں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیا قت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے زیر اہتمام”دفاع وطن و قومی یکجہتی کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔لیا قت بلوچ نے کہا کہ افواج پاکستان کی ہر سطح کی قیادت اور میڈیا نے جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ تاریخی ہے ۔آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانا حکومت کا فیصلہ ہے اور اس پر اختلاف نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے کہاکہ ”گودی میڈیا“ نے صرف اور صرف اپنی ٹی آر پی کی خاطر ہندوستان کے عوام کو بے وقوف بنایا، اشتعال انگیزی پھیلائی اور مودی حکومت کو تاریخی نقصان پہنچایا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفی نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بھارت اکھنڈ بھارت نہیں بلکہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔خواجہ معین الدین کوریجہ نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ۔ ہندو رہنما ساجن بھاٹیا نے کہا کہ ہم کسی کو بھی اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔پادری رشید نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون اتر چکا ہے، ضیا الدین انصاری نے کہا کہ پور ی قوم اپنی افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ کانفرنس“ میں مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا جس میں کہا گیا کہ یہ کا نفرنس ہندوستان کی مسلسل اور کھلی جارحیت کا بالآخر بڑا موثر اور جرات مندانہ جواب دینے اور ہندوستان کے بالکل برعکس عام آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے ہندوستان کے ایئر پیز اور ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے پر افواج پاکستان کی تحسین کرتی ہے۔ عبدالغفار روپڑی ، بیرسٹر عامر حسن،ڈاکٹر بابر رشید، ،غلام شبیر قادری،ضیا الدین انصاری،حسن بلال ہاشمی، ظہیر الحسن کربلائی، محمد فاروق چوہان، نوید ذبیری، عبدالعزیز عابد، مفتی عمر اعوان، عمران الحق و دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ،مزید برآں لیاقت بلوچ نے امیر جماعتِ اسلامی خضدار اور بی این پی رہنما عبدالمجید سے ٹیلی فو ن پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں دہشت گردی، سکول بس پر دہشت گرد حملہ درندگی کی انتہا ہے۔ اپنی قوم کے بچوں کو نشانہ بنانا قوم پرستی نہیں بدترین غیرانسانی سنگین جرم ہے۔