لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ یوم عاشورہ ہمیں صبر و تحمل اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس دن کی مناسبت سے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے جنرل ہسپتال انتظامیہ، سٹاف اور شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ07جولائی تک شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اجازت کے بغیر چھٹی نہیں کر سکیں گے جبکہ 9ویں اور10ویں محرم الحرام کو شعبہ حادثات میں اضافی عملہ تعینات ہوگا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایل جی ایچ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زنجیر زنی سے متاثرہ افراد کو فوری طور طبی امدادبہم پہنچنانے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور عزاداروں کے لئے الگ بستر مختص کیے جائیں تاکہ ان ایام میں آنے والے دیگر مریضوں کا علاج معالجہ بھی جاری رکھا جا سکے.