• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات کے ملازمین کی ہر تحریک میں ان کیساتھ ہونگے‘پشتونخوا ایس او

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا ایس اوکے صوبائی سیکرٹری وارث افغان، سینئر معاون سیکرٹری ایمل ساروان ودیگر ایگزیکٹوز نے بیان میں صوبے بھر کی تمام جامعات کے اساتذہ اور ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ غیر قانونی، غیر منصفانہ اور تعلیم دشمن نوٹیفکیشن کی مذمت کی جس میں ان کے کئی برسوں سے منظور شدہ الاؤنسز میں کٹوتی یا مکمل خاتمہ کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ واضح طور پر اعلیٰ تعلیم کو کمزور کرنے اور اس شعبے سے منسلک محنت کش افراد کو مالی بحران کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔ مضحکہ خیز امر یہ ہے کہ جس سیکرٹری کے دستخط سے یہ نوٹیفکیشن جاری ہوا ،وہ خود اور دیگر سرکاری اداروں جیسے سول سیکرٹریٹ، گورنر سیکرٹریٹ اور وفاقی دفاتر کے ملازمین پہلے ہی متنوع الاؤنسز سے مستفید ہو رہے ہیں، مگر جامعات کے اساتذہ اور ملازمین کو ان کے منظور شدہ بنیادی مالی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب دیگر صوبوں کے افسران کو بلوچستان میں کام کرنے پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں اور دوسری طرف بلوچستان کے اپنے اہل اور باعزت اساتذہ کوان کے جائز حقوق سے محروم کر کے تعلیم کے شعبے کو مزید پسماندہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اس غیر قانونی نوٹیفکیشن کے خلاف اساتذہ و ملازمین کی ہر قسم کی مزاحمتی تحریک کی مکمل حمایت کرے گی،ہم تعلیمی اور طلبہ تنظیموں، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس تعلیم دشمن پالیسی کے خلاف متحد ہوں اور تعلیم کے وقار کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔
کوئٹہ سے مزید