کوئٹہ(خ ن) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، سیکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مہم کی تفصیلات اور اقدامات کا جائزہ اور عملدرآمد کے حوالے سے غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 26مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم پانچ روزہ اور دو روزہ کیچ اپ سرگرمی پر مشتمل ہوگی، جس کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ 65 ہزار 195 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 1,420 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مہم کے دوران ممکنہ ریفیوزلز (انکار کرنے والے افراد یا خاندانوں) کو کور کرنے کے لیے 300 اہلکاروں پر مشتمل خصوصی یونٹ بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ضلعی افسران بھی شامل ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ قومی ذمہ داری کے تحت پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کریں اور مہم کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنانا ہمارا مقصد ہے تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔