اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان موجودہ مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں غیر ملکی کمرشل قرضوں کے لیے مقرر کردہ 3.77ارب ڈالر کے ہدف کا صرف 20فیصد حاصل کر سکا ہے۔تمام کثیرالملکی، دو طرفہ قرض دہندگان اور دیگر ذرائع سے مجموعی طور پر 19.4 ارب ڈالر حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، جس میں سے پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے دس مہینوں (جولائی تا اپریل) کے دوران صرف 6.08 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیے۔ یہ اعداد و شمار اکنامک افیئرز ڈویژن (EAD) کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں، تاہم آئی ایم ایف سے حاصل ہونے والی قرض کی قسط اس ڈیٹا میں شامل نہیں ہے۔حکومت نے غیر ملکی کمرشل قرضوں سے 3.779 ارب ڈالر حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اب تک اسلام آباد صرف 760 ملین ڈالر ہی حاصل کر سکا ہے۔ اپریل 2025 میں 200 ملین ڈالر کے کمرشل قرضے حاصل کیے گئے جبکہ باقی 500 ملین ڈالر مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں حاصل کیے گئے۔