• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11 ارب کے لیپ ٹاپ خریداری، 2 ڈائریکٹرز کیخلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیرمین ڈاکٹر مختار احمد نے 11ارب روپے مالیت کے ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی خریداری کے معاملے پر دو ڈائریکٹرز وحید احمد اور عرفان اللہ کے خلاف سہ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے کمیٹی کے کنوینر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سائنٹیفک ایڈوائزر سید ظہیر حسین ہیں جبکہ جوائنٹ چیف اکانومسٹ (ر) پلاننگ کمیشن محمد شاہد کمیٹی کے رکن ہوں گے ایچ ای سی کے ڈائریکٹر (ایچ آر ایم)، عقیل اختر خان کمیٹی کی معاونت کریں گے۔ کمیٹی 7 جون کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ کمیٹی نوٹ شیٹ میں گڑبڑ کے الزامات پر تحقیقات کرے گی جیسا کہ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن نمبر 1/14/2025 مورخہ 30-03-2025 کے ذریعے تشکیل دی گئی کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے تاکہ وزیراعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ کی خریداری کے معاملے کا جائزہ لیا جا سکے۔ واضح رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ضیا القیوم اور چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے درمیان غیرملکی پروجیکٹس اور لیپ ٹاپ کی خریداری کے معاملے پر شدید اختلافات تھے جس کے بعد کمیشن اجلاس بلاکر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ضیا القیوم کی کارکردگی کو غیرتسلی بخش قرار دے کر فارغ کردیا گیا جبکہ ان کی جگہ 20گریڈ کے ڈائریکٹر جنرل مظہر سعید کو قائم مقام ای ڈی مقرر کردیا گیا جس پر 21گریڈ کے سینئر افسر رضا چوہان کے شدید اعتراضات ہیں۔ زرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ جن دو ڈائریکٹرز وحید احمد اور عرفان اللہ کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے وہ مظہر سعید کو رپورٹ کرتے تھے۔
اہم خبریں سے مزید