اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی سربراہی میں اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی اور قومی میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی انتظام کے تحت کوئٹہ اور خضدار کا دورہ کر ایا گیا جہاں گزشتہ دنوں انڈین پراکسیز دہشت گردوں نے بچوں کی سکول بس پر حملہ کر دیا تھا ۔ وزیر اطلاعات نے بس دھماکے کا شکار زخمی بچوں کی عیادت کی اور بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔عطاء اللہ تارڑ نےکہا کہ پاکستانی قوم کے جذبہ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، بچوں کے والدین کا حوصلہ اور جذبہ قابل دید ہے، بھارت کے مکروہ عزائم خاک میں ملائیں گے۔بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا صوبیدار سلیم نے اپنی دو بیٹیوں کی تدفین کی، بیٹا شدید زخمی ہے، اس کے باوجود وہ ایمبولینس کے آگے پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ ایک شخص کے چار بچے شدید زخمی ہوئے لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیشنل اور نیشنل میڈیا کو خضدار میں اصل صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے لایا گیا۔