تیراہ، لکی مروت (نمائند گان جنگ )وادی تیرہ سے 3 مغویوں کی لاشیں برآمد، لکی مروت میں کار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، مقتولین میں پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی بھی شامل تھا، شرپسندوں کی درندگی پر قبائل سیخ پا ہوگئے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس اور شدید غم و غصہ پاگیا۔واقعات کے مطابق وادی تیراہ کے حساس علاقے زنگی کلی ملک دین خیل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح شدت پسندوں نے 3نوجوانوں کو اغواء کرنے کے بعد فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کر دیا۔ مقتولین کی گولیوں سے چھلنی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔مقامی ذرائع کے مطابق مقتولین میں نوید ،ر غلام ابراہیم اور صمد گل شامل ہیں۔ تینوں کو دو روز قبل جاسوسی کے الزام میں اغواء کیا گیا تھا جبکہ جمعے کی صبح انہیں نامعلوم مقام پر لے جا کر انتہائی سفاکانہ انداز میں قتل کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ نوید اکلوتا بیٹا اور کئی بہنوں کا واحد سہارا تھا جبکہ ابراہیم کی محض دو ہفتے قبل شادی ہوئی تھی۔