• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اول، وزیراعلیٰ و ورلڈ بینک حکام کی گاؤں نظر محمد آمد، متاثرین سیلاب میں اسناد کی تقسیم

نوابشاہ(بیورو رپورٹ)خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ورلڈ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اینا بیجئرڈ اور کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن یسین کے ہمراہ گاؤں نظر محمد لغاری میں سیلاب متاثرین کے لیے نو تعمیر شدہ گھروں کی ملکیت کی اسناد تقسیم کیں، گاؤں نظر محمد لغاری میں سیلاب سے تباہ 32 گھروں کی تعمیر نو کی گئی اور بے گھر خواتین میں گھروں کی چابیاں تقسیم کی گئیں اس موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خواتین کو مالکانہ حقوق دینے والا پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں طوفانی بارشوں میں تباہ ہونے والے گھروں کی ازسرنو تعمیر کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا تھا جو کہ نبھایا گیا ہے آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سال 2022ء کے سیلاب میں سندھ میں 21لاکھ مکانات تباہ ہوئے، انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی 500ملین ڈالر کی ابتدائی امداد سے گھروں کی بروقت تعمیر ممکن ہوئی جبکہ ورلڈ بینک نے امداد میں مزید 450ملین ڈالر کا اضافہ کیا ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ رقم 7 لاکھ 78 ہزار گھروں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوئی جبکہ 450ملین ڈالر میں سے 54.92ملین ڈالر پانی، صفائی اور صحت عامہ کے لیے مختص کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید