کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی اور چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان کی تعیناتی آئندہ سماعت تک معطل کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کے دو رکنی بینچ کے روبرو مذکورہ عہدوں پر غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار راشد صدیقی کے وکیل خواجہ شمس اسلام ایڈووکیٹ نے کہا کہ قانون کے مطابق کوئی ریٹائرڈ شخص چیف آپریٹنگ آفیسر تعینات نہیں کیا جاسکتا۔ اسد اللہ خان 3 سال قبل اعلیٰ عہدے سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔ سندھ حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ریٹائرڈ افسر کو چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن تعینات کردیا۔