پشاور(کرائمرپورٹر) پشاور کے مصروف ترین تجارتی مرکزشعبہ بازارمیں مارکیٹ میں لگی آگ کو 6گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجھالیاگیا تاہم اس کے نتیجے میں نہ صرف مارکیٹ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا بلکہ اس میں پڑے قیمتی اشیاءکو بھی نقصان پہنچا اور نقصان کروڑوں میں بتایاجاتاہے اور مارکیٹ گزشتہ روز بھی بند رہی ۔ جمعہ کی شام شعبہ بازارمیں واقع آفریدی مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے خوفناک شعلے بھڑکنے لگے تھے ۔بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ مارکیٹ 4منزلہ ہے جس میں 40سے 50 دکانیں قائم یں۔ ان میں 2گودام بھی واقع ہیں۔ مذکورہ دکانوں میں یو پی ایس /سولر پینلز بیٹریاں، جنریٹرز،انورٹرز، گیس ٹینکیاں اور سپئیر پارٹس وغیرہ کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔بتایاجارہاہے کہ دکانوں میں پڑے موبل آئل وغیرہ کی وجہ سے بھی آگ شدت اختیار کرگئی تھی تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی۔