پشاور (خصوصی نامہ نگار) نصیر اللّہ خان بابر میموریل ہسپتال کے پیرا میڈیکس اور کلاس فور ملازمین نے صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل خیبر پختونخوا کے تحت ہونے والے مظاہرے سے ملازمین کے صدر محمد آصف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے میں احتجاج ہو رہا ہے افسوس کا مقام ہے کہ پارلیمنٹیرینز کی تنخواہیں بڑھائی جارہی ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا موجودہ مہنگائی کے دور میں صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا ملازمین دشمنی کے مترادف ہے اوپر سے پنشن اصلاحات کر کے پنشنرز کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ان اصلاحات کو نہیں مانتے حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر مطالبات منظور کرتے ہوئے تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کے ساتھ پنشن اصلاحات کا فیصلہ واپس لے اگر مطالبات منظور نہیں کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔