• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور متنی شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی و غیرمرد قتل کردیا

پشاور(کرائمرپورٹر)پشاور کے نواحی علاقے متنی میں شوہر نے غیرت کے نام پر اپنی بیوی اور غیرمرد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ، ملزم نے دوہرے قتل کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیاجس سے کلاشنکوف اور پستول برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔5روز قبل دیرکالونی میں غیر ت کے نام پر جواں سالہ میاں بیو ی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ تھانہ متنی پولیس کے اے ایس آئی صاحب جان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق آباد شیر کالونی سرہ خاورہ کے علاقے میں انہیں 2افراد کے قتل کی اطلاع ملی ، وہ تھانہ متنی ایس ایچ او نعمان خان کی قیادت میں مذکورہ گھر پہنچے تو وہاں پر مرد اور خاتون کی قتل شدہ نعش پڑی تھیںجبکہ ملزم نور احمد ساکن تیراہ حال آبادشیرکالونی بھی ایس ایم جی ، پستول سمیت موجود تھا۔ ملزم نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ نعش زوجہ مسماة(ن)کی ہے ، وہ رشتہ داروں کے گھر مزدوری کرتا تھا،گزشتہ روز کام سے فارغ ہوکر گھر آیا تو کمرے میں زوجہ ایک غیرمرد کے ساتھ موجود تھی جس پر اس نے پستول سے دونوں پر فائرنگ کردی جس سے وہ زمین پر گرپڑے جبکہ کلاشنکوف اٹھا کر ان پر دوبارہ فائرنگ کی جس سے وہ دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس نے ملزم سے اسلحہ، جائے وقوعہ سے خالی خول ودیگر شواہد اکٹھی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ مقتولہ کی عمر 19سال تھی جبکہ مقتول کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے 2سال قبل مقتولہ بیوی سے شادی کی ہے جبکہ مقتول کی عمر 28یا30سال بتائی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ مقتول اور مقتولہ میں پہلے سے تعلقات تھے۔ واقعہ کو غیرت کا شاخسانہ قرار دیاجارہا ہے ۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز تھانہ رحمان بابا کی حدود دیرکالونی میں ملزمان نے جواں سالہ شادی شدہ جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور ایک ہفتے میں غیرت کے نام پر 4افراد قتل کی یہ دوسری واردات ہے۔
پشاور سے مزید