• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور اور ڈیرہ میں رواں ماہ گرمی کا 10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

پشاور (اے پی پی)پشاور اور ڈیرہ میں رواں ماہ گرمی کا 10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے جہاں لوگ متاثر ہو رہے ہیں وہیں پہاڑی علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ پشاور سمیت صوبے کے بیشتراضلاع میں شدید گرمی کی لہر نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ دس سال میں مئی کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔جمعرات کو صوبے میں سب سے زیادہ گرمی ڈیرہ اسماعیل خان میں46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، گرمی کی شدت سے لوگ گھروں تک محدود ہو گئے ہیں اور بازاروں اور کاروباری مراکز کی رونقیں ماند پڑگئی ہیں، ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کے کیسوں میں نمایاں اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے، گرمی کی وجہ سے پرندے اورمویشی بھی بے حال نظر آئے شہری علاقوں میں پرندوں کے گر کر مرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ مسلسل گرمی کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں کنویں بھی خشک ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی یہ لہر آئندہ 3 سے 4 دن تک جاری رہے گی،ڈاکٹرز نے دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک عوام کو گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر نے ،کثرت سے پانی پینے اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے کا مشورہ دیا ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب گرمی سے نمٹنے کےلئے ابھی تک کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے ۔
پشاور سے مزید