• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے عوام امن ‘ روزگار اور ترقی چاہتے ہیں‘ عبید گورگیج

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رکن اسمبلی میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل معاشی و سیاسی حالات سے گزر رہا ہے، مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ وفاقی حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ، مربوط اور حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہے۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم معیشت کی بحالی، کرپشن کے خاتمے اور ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے، جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر بلوچستان حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایک طویل عرصے بعد متحرک اور فیصلہ کن حکومت قائم ہوئی ،سرفراز بگٹی نے نہ صرف امن و امان کی بہتری میں عملی اقدامات کئے بلکہ صحت، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، روزگار، صحت، تعلیم اور ترقی چاہتے ہیں،اب وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ان اہداف کے حصول کے لئے کام کریں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تنقید برائے تنقید کی بجائے تعمیری تجاویز دیں اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ نہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں اپنے سیاسی کردار کو مزید فعال بنائے گی اور نوجوانوں، خواتین اور محروم طبقات کو سیاسی عمل میں شامل کرنے کے لئے ضلعی سطح پر تنظیمی سرگرمیاں تیز کی جائیں گی۔
کوئٹہ سے مزید