• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ‘ کارکن سرمایہ ہیں‘ ترجمان

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ہر جماعت میں اس کے کارکن ہی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ پارٹی پر جب بھی جس طرح کے حالات آئے یہ نظریاتی کارکن ہی ہیں جو ان حالات کا مقابلہ کرتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نظریاتی کارکنوں کی جماعت ہے ، جس کا ہر کارکن اپنے قائد میاں نوازشریف کے ہر فیصلے پر لبیک کہنے کیلئے تیار ہے، مشرف کا دور ہو یا پی ٹی آئی کا، کارکنوں نے ہر صعوبت خندہ پیشانی سے برداشت کی اور اپنے قائد سے وفا کا علم کبھی نہیں چھوڑا۔ بیان میں کہا گیا کہ ضلع کوئٹہ کے کارکن اس میدان میں کبھی پیچھے نہیں رہے اور پارٹی پالیسی کے ساتھ رہتے ہوئے ہر دور میں بھرپور کردار ادا کیا۔ 2024کے انتخابات میں ضلع کوئٹہ کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، جہاں پارٹی قیادت حوصلہ افزائی کرتی وہاں قیادت نے ضلع کوئٹہ کے تمام عہدیداروں کو دیوار سے لگادیا۔ آج جبکہ ہر کارکن اور عہدیدار پریشان اور قیادت کا ٹھکرایا ہوا ہے لیکن وہ اپنے قائد نوازشریف کے ساتھ کھڑاہے، بیان میں کہا گیا کہ ایسا نہ ہوا کہ بلوچستان کے کارکن بھی خیرپختونخوا کے کارکنوں کی طرح قیادت کے خلاف آواز اٹھائیں، بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں حکومت ہوتے ہوئے بھی آج کارکن پریشان اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں، لہٰذا مرکزی قیادت اور صوبائی صدر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کارکنوں کے مسائل پر توجہ اور ان کی پریشانیوں کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
کوئٹہ سے مزید