• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کیخلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائی جاری

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے انسانی صحت کے تحفظ کے لئے زہریلے اور گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ اس ضمن میں نیو سبزل روڈ پر متعدد ایکڑ پر محیط رقبے پر گوبھی، پودینہ، دھنیا اور سلاد کی تیار اور زیر کاشت فصلوں کو ٹریکٹر چلا کر تلف کر دیا گیا جبکہ گندے پانی کی فراہمی روکنے کے لئے مختلف مقامات پر نالوں سے پانی کی سپلائی کے ذرائع بھی منقطع کر دیئے گئے تاکہ آئندہ ان مقامات پر زہریلے پانی سے سبزیاں اگانے کی کوشش نہ کی جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ زہریلے پانی سے اگائی گئی سبزیاں غذائیت کی بجائے انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں اور متعدد بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی ہدایات کے مطابق جب تک گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے والے کسانوں اور زمینداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور ان پر مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف عوام کی صحت کا تحفظ بلکہ کاشتکاروں کو صاف پانی کے استعمال کی طرف راغب کرنا بھی ہے تاکہ محفوظ اور صحت بخش سبزیوں کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے۔واضح رہے کہ کارروائیاں عدالتِ عالیہ بلوچستان کے فیصلے بی ایف اے کی جانب سے عائد پابندی اور متعدد بار دی گئی تنبیہات و نوٹسز کے باوجود کی جا رہی ہیں جو کہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں کے نفاذ اور عوامی تحفظ کے لئے جاری رہیں گی۔
کوئٹہ سے مزید