کوئٹہ (آن لائن) آل بلوچستان بس ٹرانسپورٹ یونین کے ترجمان نے بوستان میں مسافر کوچ کے اغوا کا سبب لین دین کے تنازعہ سے متعلق انتظامیہ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ کمپنی کا کسی سے کوئی لین دین کا معاملہ نہیں اور وہ کسی بھی ایسے شخص کو نہیں جانتے جو لین دین کا دعویدار ہے۔ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کوئی لین دین کا معاملہ نہیں ،کوچ کو اغواء کیا گیا ہے، اس سلسلے میں انتظامیہ نے جو بیان جاری کیا ہے اس کو مسترد کرتے ہیں ترجمان کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے مسافروں کا سفر کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ رہی سہی کسر ایسے شرپسند عناصر نے پوری کردی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت واقعہ کو سنجیدگی سے لے۔ اور فوری طور پر اغوا کاروں کو گرفتار کرکے کوچ کو بازیاب کرے۔ اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو بلوچستان بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کرکے احتجاج کی کال دینگے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔