کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ سے مبینہ طور پر لاپتہ ایمل بلوچ کی والدہ نے کہا ہے کہ مطالبہ کیا کہ میرے بیٹے کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور اگر اس پر کوئی الزام ہے تو اس کو عدالت میں پیش کیا جائے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے ہمراہ وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ شب سادہ لباس میں مسلح اہلکار ہمارے گھر میں داخل ہوئے اور میرے بیٹے ایمل ولد اورنگزیب کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔انہوں نے کہا کہ میری کم عمر بیٹی فاطمہ بلوچ ہمیشہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز اٹھاتی رہی ہے ، اس کے بھائی کو مبینہ طور پر لاپتہ کرکے اس کو سزادی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیاں ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس بنیادی حق کو ہم سے نہ کوئی چھین سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ بلوچ سمیت دیگر کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ،گھر کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، لوگوں کو مبینہ طور پر لاپتہ کرنے کا سلسلہ بند کیا اور لاپتہ افراد کے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے ۔