کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبد المالک اور صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان مولانا عبدالغنی ساسولی ڈاکٹر اسماعيل بلیدی حاجی سید قاسم شاہ اور مولانا امان اللہ گرگناڑی نے کوئٹہ شہر کو ڈاؤن ٹاؤن قرار دینے کے فیصلے کو مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافے اور غلط پارکنگ کے رجحان کی وجہ سے شہر میں پیدل چلنا دشوار ہو گیا تھا اور گاڑی کے ذریعے منزل مقصود پر بروقت پہنچنے کا تصور ہی ختم ہو گیا تھا ،وزیر اعلیٰ کے ویژن اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سے شہر کا ایک بڑا مسئلہ حل ہو گیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر کے ہر ایریا میں مناسب کارپارکنگ کا بندوبست کیا جائے اور کارپارکنگ کے ٹھیکیداروں کو مان مانی فیس وصول کرنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لیا جائے ،اسی طرح شہر میں بغیر پرمٹ رکشوں کا سدباب کیا جائے یہ نہ صرف شہر میں ٹریفک کی صورتحال کو قابو کرنے کے لئے ضروری ہے بلکہ جن لوگوں نے بھاری پیسے ادا کرکے پرمٹ حاصل کیا ان کے روزگار کا بھی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد کئے بغیر شہر میں کسی قسم کے نظم و ضبط کی توقع نہیں رکھی جا سکتی ۔