پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ماضی میں ایک کردار کو ’ناں‘ کہنے سے متعلق اپنے پچھتاوے کا اظہار کیا ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اداکار ہمایوں سعید، شہریار منور، فواد خان، بلال اشرف اور فہد مصطفیٰ سے اپنی گہری دوستی اور کام کرنے کے تجربے سے متعلق بات کی۔
اداکارہ نے پوڈکاسٹ کے دوران اپنی نجی زندگی، والد، والدہ اور دوسری شادی سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کے مختصر جوابات بھی دیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اگر مجھے کبھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا تو میں بلال اشرف کو کال کروں گی، ماہرہ خان نے کہا کہ میں ماضی کے فیصلوں سے متعلق نہ زیادہ سوچتی ہوں اور نہ ہی مجھے کوئی پچھتاوا ہوتا ہے، میں آگے بڑھنے والوں میں سے ہوں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے ایک کردار کرنے کی خواہش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے فلم ’کملی‘ کو ناں بولنے کا پچھتاوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ مجھے فلم ’کملی‘ کو ناں نہیں کہنا چاہیے تھا، مگر اس فلم میں صبا قمر نے بھی بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔