پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں اشرف کا کہنا ہے کہ شادی کیلئے دولت مند شخص کا انتخاب غلط نہیں عقل مندی ہے۔
حال ہی میں اداکار نے فیشن میگزین کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل کی محبت اس لیے جنونی نہیں ہے کہ دو لوگوں کو ایک دوسرے سے سچی محبت ہے بلکہ صرف اپنی ذات کے لیے ہے کہ مجھے فلاں سے محبت ہے تو اسے میرا ہی ہونا ہے۔ آج کل لوگ محبت میں مادیت پرست اور پریکٹیکل ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی لڑکی محبت میں پریکٹیکل ہے تو یہ غلط نہیں ہے، ہمارا معاشرہ ہی ایسا ہوگیا اس لیے اگر کوئی خاتون شادی کے لیے دولت مند شخص کا انتخاب کرتی ہے تو یہ غلط نہیں عقل مندی ہے۔
اداکار نے کہا کہ اگر میری دوست مجھ سے اس حوالے سے کوئی مشورہ لیتی ہے، میں خود بھی اگر اپنی بہن یا گھر کی خواتین کے لیے رشتہ دیکھوں گا تو مالی طور پر مستحکم لڑکے کا رشتہ ہی دیکھوں گا جب میں ایک چیز اپنے لیے پسند کر رہا ہوں تو کسی دوسرے کے لیے اسے برا کیوں کہوں؟ ہر کسی کو حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارے۔
ہمایوں اشرف کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت کوئی بھی شخص یہ کبھی نہیں چاہیے گا کہ اس کی بہن یا کسی قریبی خاتون کا رشتہ مالی طور پر کمزور شخص سے ہو۔
انہوں نے یہی بات اپنے اوپر رکھتے ہوئے مثال دی کہ اگر کوئی خاتون مجھے صرف اس لیے منع کرتی ہیں کہ میں مالی اعتبار سے مستحکم نہیں ہوں تو مجھے اس بات کا افسوس نہیں ہوگا یہ اُس کا حق ہے، اسے بھی حق حاصل ہے کہ وہ اچھی زندگی کا انتخاب کرے، اپنے مستقبل سے متعلق سمجھداری سے محفوظ فیصلہ کرے۔