اداکارہ نادیہ افگن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اداکار فیروز خان کے مداحوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور باوقار اداکارہ نادیہ افگن ان دنوں سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں اور اس بار وجہ ان کی اداکاری یا کسی ڈرامے کی پرفارمنس نہیں بلکہ فیروز خان سے متعلق ان کا دیا گیا ایک کھرا تبصرہ ہے جس کے نتیجے میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔
نادیہ افگن حال ہی میں مشہور ٹی وی ریویو شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے فیروز کے فینز کی جانب سے دھمکیاں ملنے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ انہوں نے فیروز خان کی ورک ایتھکس پر بات کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت سے اداکاروں نے بتایا ہے کہ فیروز خان ایک مشکل کو آرٹسٹ ہیں اور وہ اپنے ساتھی اداکاروں کو مرعوب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بیان فیروز خان کے مداحوں کو بالکل پسند نہ آیا، شدید ردعمل کے طور پر نا صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا بلکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
نادیہ افگن نے شو میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اداکار خوش نہیں تھے اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئیں، کچھ لوگ کہہ رہے تھے ہم تمہیں مار دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بہت سے فریش اکاؤنٹس سے خطرناک میسجز آئے، کچھ تو ڈراؤنے بھی تھے، اگر ہمت ہے تو کم از کم اپنی تصویر اور اصل نام سے سامنے آؤ۔
انکا کہنا تھا کہ کسی نے کہا تمہیں اداکاری نہیں آتی، میرا جواب ہے کہ میں پرفیکٹ نہیں ہوں، لیکن مجھے اداکاری ضرور آتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جہاں کچھ لوگ منفی تھے، وہیں بہت سے اداکاروں اور رائٹرز نے ان کے تبصرے کو سراہا اور ان کی حمایت کی۔
نادیہ افگن نے واضح پیغام میں کہا کہ مجھے فرق نہیں پڑتا، میں سچ بولتی ہوں اور بولتی رہوں گی، اگر آپ کا فنکار تنقید سے بالاتر ہے تو پھر وہ فنکار نہیں، ایک بت ہے۔