عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ دوسری شادی میں تاخیر صرف اس لیے ہوئی کیونکہ میں چاہتی تھی کہ میں دوسری شادی بیٹے اذلان کی رضامندی سے کروں۔
حال ہی میں اداکارہ نے احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے انکشاف کیا کہ میں دوسری شادی سے متعلق کافی عرصے سے سوچ رہی تھی لیکن صحیح وقت کا انتظار کیا، کیونکہ میں چاہتی تھی کہ میرا بیٹا اذلان اتنا بڑا اور سمجھدار ہوجائے کہ میری پسند کو سمجھنے اور اس کی حمایت کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ میں چند برس قبل ہی شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس وقت اذلان اتنا بڑا نہیں تھا کہ وہ میرے فیصلے کو سمجھ سکے، میرے لیے اس کی رضامندی ضروری تھی، میں چاہتی تھی کہ میرا بیٹا مجھ سے خود دوبارہ شادی کرنے کےلیے کہے اور آخرکار اذلان نے ہی میری حوصلہ افزائی کی۔
ماہرہ خان نے یہ بھی واضح کیا کہ بطور ماں یہ فیصلہ میرے لیے اکیلئے لینا بہت مشکل تھا، کیونکہ مجھے ڈر تھا اگر دوسری شادی بھی ناکام ہوگئی تو اذلان کا کیا ہوگا؟۔ میری زندگی دوسری شادی کے بغیر بھی پُرسکون گزر رہی تھی اس لیے میں کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتی تھی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شادی علی عسکری سے ہوئی تھی، ان کا اس شادی سے ایک بیٹا اذلان ہے۔ ان کی شادی 8 برس بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
اس کے بعد ماہرہ خان 2023 میں بزنس مین سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔