اسلام آباد (مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو آئندہ بجٹ کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے موصول ہونے والی ٹیکس تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔ حکومت نے اصولی طور پر ممکنہ ٹیکس چوروں کے خلاف سختی کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر کو گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹیکس تجاویز پر بریفنگ دی گئی اور آئندہ فنانس بل 2025-26 میں شامل کی جانے والی ٹیکس تجاویز کی منظوری یا مستردی کی وجوہات بھی بتائی گئیں۔ تمام تجاویز کو شامل کرنے کا امکان ہے جو ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2025 کی شکل میں متعارف کروائی گئی تھیں اور آئندہ فنانس بل 2025-26 کا حصہ بنیں گی۔ یہ تجویز دی گئی ہے کہ سولر پینل کی درآمد پر جی ایس ٹی کی چھوٹ واپس لے لی جائے، لیکن جی ایس ٹی کی کم شرح عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگر درآمد شدہ پینل پر 18 فیصد جی ایس ٹی کی شرح لگائی جاتی ہے تو اس سے مقامی مارکیٹ میں سولر پینل کی قیمت میں اضافہ ہو جائے گا۔